Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

ہانگ کانگ میں خوفناک آتشزدگی، 44 افراد جاں بحق، 300 لاپتہ — پولیس نے ’سنگین غفلت‘ ذمہ دار قرار دے دی

ہانگ کانگ میں خوفناک آتشزدگی، 44 افراد جاں بحق، 300 لاپتہ — پولیس نے ’سنگین غفلت‘ ذمہ دار قرار دے دی

ہانگ کانگ کے رہائشی کمپلیکس میں لگی ہولناک آگ نے شہر کو دہلا دیا۔ بدھ کی سہ پہر بھڑکنے والی اس آگ نے کم از کم 44 افراد کی جان لے لی جبکہ تقریباً 300 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ پولیس کے مطابق آگ کے تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ غیر محفوظ اسکیفولڈنگ اور فوم میٹریل تھا جو عمارت کی مرمت کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔

فائر فائٹرز نے رات بھر امدادی کارروائیاں جاری رکھیں، لیکن عمارت کے اوپری منزلوں تک پہنچنا شدید دھوئیں اور حدت کے باعث انتہائی مشکل رہا۔ وانگ فک کورٹ ہاؤسنگ کمپلیکس میں آٹھ بلاکس پر مشتمل 2,000 فلیٹس ہیں جہاں 4,600 سے زائد افراد رہتے ہیں۔

جمعرات کی صبح تک حکام چار بلاکس میں آگ پر قابو پا چکے تھے، جبکہ تین دیگر بلاکس میں آپریشن جاری تھا۔ 32 منزلہ ٹاورز سے شعلے بھڑکتے اور دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا تھا، جو مکمل طور پر بانس کی اسکیفولڈنگ اور سبز میش نیٹ سے ڈھکے ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حفاظتی میٹریل کے معیار پر پورا نہ اترنے کے علاوہ کچھ عمارتوں کی کھڑکیوں کو فوم سے بند کیا گیا تھا، جو مرمت کرنے والی کمپنی نے نصب کیا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ایلین چونگ کے مطابق:

“ہمیں یقین ہے کہ کمپنی کے ذمہ داران نے سنگین غفلت کی جس کے باعث آگ بے قابو ہوئی اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔”

پولیس نے تعمیراتی کمپنی کے دو ڈائریکٹرز اور ایک انجینئرنگ کنسلٹنٹ کو حراست میں لے لیا ہے اور ان پر غیر ارادی قتل (Manslaughter) کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ہانگ کانگ میں بانس کی اسکیفولڈنگ اور تعمیراتی میش کا استعمال طویل عرصے سے روایتی تعمیرات کا حصہ ہے، تاہم مارچ 2025 سے حکام اس کے مرحلہ وار خاتمے کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔

آگ میں مرنے والوں میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے جبکہ 45 زخمی انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ ہانگ کانگ کے لیڈر جان لی نے کہا:

“ہماری پہلی ترجیح آگ بجھانا اور پھنسے ہوئے افراد کو بچانا ہے، اس کے بعد متاثرین کی مدد اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔”

تقریباً 279 افراد سے رابطہ نہیں ہو سکا جبکہ 900 افراد کو آٹھ عارضی شیلٹرز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ہانگ کانگ کی تاریخ کی بدترین آتشزدگیوں میں سے ایک بن گیا ہے — اس سے قبل 1948 میں ایک گودام کی آگ میں 176 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates