وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے لیے ایک بڑے بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کا باضابطہ آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد صوبائی دارالحکومت کی تاریخی خوبصورتی بحال کرنا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت شہر کی سڑکوں کی مرمت و توسیع، گرین بیلٹس اور پارکس کی بحالی، تاریخی ورثے کی تزئین و آرائش، شہری ڈیزائن میں بہتری اور پشاور کی مجموعی شناخت کو دوبارہ اُجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پشاور نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے خطے کی تہذیب و ثقافت کا اہم مرکز ہے، اس لیے اسے صاف، خوبصورت اور جدید سہولیات سے آراستہ شہر میں تبدیل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نئے منصوبے سے شہر کی سیرت بھی نکھرے گی اور شہریوں کو بہتر ماحول بھی میسر آئے گا۔
حکام کے مطابق یہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ پشاور کو ایک ثقافتی طور پر مالامال، جدید اور پُرکشش شہر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ سیاحت، کاروبار اور شہری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
