واشنگٹن: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جنگ بندی کی شرائط قبول نہ کیں تو روس یوکرین کو ’’تباہ‘‘ کر دے گا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے زیلینسکی پر زور دیا کہ وہ مشرقی ڈونباس کا علاقہ روس کے حوالے کر دیں تاکہ جنگ بندی ممکن بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یوکرینی صدر زیلینسکی نے ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ جنگ بندی موجودہ جنگی پوزیشن پر کی جائے۔ اس تجویز پر بالآخر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
’’اب خون خرابہ ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، دونوں فریق خود کو فاتح سمجھیں اور فیصلہ تاریخ پر چھوڑ دیں۔‘‘
یہ ملاقات دو روز قبل وائٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے روس-یوکرین تنازع کے مستقبل، خطے کے استحکام اور ممکنہ امن معاہدے پر تفصیلی بات چیت کی۔
