پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بھیجے گئے لیگل نوٹس کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں علی ترین نے کہا کہ پی سی بی نے انہیں نوٹس بھیجا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے تنقیدی بیانات واپس لیں اور معافی مانگیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔
علی ترین نے مزید کہا کہ اگر وہ معافی نہیں مانگیں گے تو فرنچائز معاہدہ ختم کرنے اور انہیں بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے، لیکن وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل سے گہری محبت ہے اور یہ لیگ پورے ملک کی پہچان ہے، مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن آج تک کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے ملتان سلطانز کو معاہدے کی خلاف ورزی اور لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی وجہ سے نوٹس جاری کیا تھا، اور ذرائع کے مطابق اگر فرنچائز نے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو معاہدہ منسوخ ہونے اور مالکان کے بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔