Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

امریکی اسٹارٹ اپ کی ٹوئٹر کو دوبارہ لانچ کرنے کی کوشش

ایک امریکی اسٹارٹ اپ کمپنی نے ٹوئٹر کو اس کی پرانی شناخت اور فعالیت کے ساتھ دوبارہ متعارف کرانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ یہ نیا سوشل نیٹ ورک ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی خریداری سے قبل پلیٹ فارم کی اصل برانڈنگ اور فیچرز کو بحال کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے۔

ورجینیا سے تعلق رکھنے والی کمپنی آپریشن بلیو برڈ نے امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس (USPTO) میں ایک باقاعدہ درخواست جمع کرائی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹوئٹر کے وہ ٹریڈ مارکس جو ایلون مسک کی ملکیت والی کمپنی نے ترک کر دیے ہیں، انہیں اس اسٹارٹ اپ کے حوالے کیا جائے۔

واضح رہے کہ جولائی 2023 میں ٹوئٹر کو باضابطہ طور پر ری برانڈ کر کے ایکس (X) کا نام دے دیا گیا تھا، جبکہ اس سے نو ماہ قبل ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم خریدی تھی۔ ری برانڈنگ کے بعد ٹوئٹر کی پرانی شناخت، لوگو اور اصطلاحات کو آہستہ آہستہ ختم کر دیا گیا۔

اگرچہ ٹوئٹر ڈاٹ کام ویب سائٹ اب بھی موجود ہے، تاہم وہ خودکار طور پر ایکس ڈاٹ کام پر ری ڈائریکٹ ہو جاتی ہے اور پلیٹ فارم سے ٹوئٹر سے جڑی تمام پرانی علامتیں اور حوالہ جات ہٹا دیے گئے ہیں۔

ایکس انتظامیہ نے مشہور نیلے پرندے کے لوگو سے منسلک تمام اصطلاحات بھی تبدیل کر دی ہیں۔ مثال کے طور پر، فیکٹ چیکنگ کے لیے استعمال ہونے والا پروگرام برڈ واچ اب کمیونٹی نوٹس کے نام سے جانا جاتا ہے۔

آپریشن بلیو برڈ کا کہنا ہے کہ وہ ٹوئٹر کی اصل روح کو بحال کرنا چاہتی ہے، جس میں آزاد اظہار، واضح شناخت اور صارف دوست سوشل نیٹ ورک شامل تھا۔ اگر کمپنی کو ٹریڈ مارکس حاصل ہو جاتے ہیں تو امکان ہے کہ مستقبل میں ایک نیا مگر پرانے طرز کا “ٹوئٹر نما” پلیٹ فارم سامنے آئے۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates