امریکا میں قائم دوہری نیسڈیک اور اے ایس ایکس لسٹڈ مائننگ کمپنی نووا منرلز (Nova Minerals) نے پاکستان کے معدنیات اور مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
کمپنی کے وفد نے، جس کی قیادت سی ای او کرسٹوفر گرتی سین کر رہے تھے، جمعرات کے روز وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اینٹیمونی اور رئیر ارتھ منرلز سمیت مختلف مواقع پر تبادلۂ خیال ہوا۔
نووا منرلز پاکستان میں مقامی اداروں کے ساتھ ٹیکنیکل تعاون، نالج شیئرنگ، اور مخصوص منصوبوں کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔ سی ای او نے پاکستان کی جغرافیائی تنوع اور حالیہ پالیسی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل پاکستان کو طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک بناتے ہیں۔
وزیر قیصر شیخ نے کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے منصوبوں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو جدید ٹیکنالوجی، پائیدار ترقی اور مقامی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرمایہ کاری پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں مزید غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف غیر ملکی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے حامی ہیں کیونکہ یہ اقتصادی ترقی اور جدیدیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیر نے اس ملاقات کو پاکستان کے کاروباری ماحول میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا ایک مثبت اشارہ قرار دیا۔
قیصر شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں موجودہ وسیع اور غیر استعمال شدہ معدنی وسائل غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ان کے مطابق، اس شعبے میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان کے قدرتی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے میں مدد دے گی بلکہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر، صلاحیت سازی، اور پاکستانی ماہرین و طلبہ کے لیے بین الاقوامی تربیتی و تعلیمی مواقع بھی فراہم کرے گی۔
Hide comments
