Share This Article
مظفرآباد: آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اپنے بیان میں مظہر سعید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر وزارت اطلاعات کے منصب سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں اور وزارت کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ ذمہ داری سب نے بھرپور تعاون کیا۔
پیر مظہر شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ وزارت میں آپریشن بنیان مرصوص سمیت تمام اہم معاملات میں ایمانداری سے خدمات انجام دیں اور ہمیشہ قومی مفاد اور عوامی توقعات کے مطابق فیصلے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے دنیا کے 45 ممالک کے سامنے نہ صرف غزہ کا مقدمہ پیش کیا بلکہ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا، تاکہ عالمی برادری اس تنازعے کی سنگینی کو محسوس کر سکے۔
ذرائع کے مطابق، مظہر سعید شاہ کا استعفیٰ جلد وزیراعظم آزاد کشمیر کو ارسال کیا جائے گا، جس کے بعد نئے وزیر اطلاعات کے تقرر کا عمل شروع ہوگا۔
