قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں متعدد عالمی اور پاکستانی ریکارڈز توڑنے کے قریب ہیں۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میں جارحانہ 68 رنز کی میچ وننگ اننگز کے بعد ایک بار پھر فارم میں آنے والے بابر اعظم اب تک 134 میچوں کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں بنا چکے ہیں، اور صرف دو سنچریز بناکر سعید انور کا پاکستان کی جانب سے 20 ون ڈے سنچریز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ برائن لارا، مہیلا جے وردنے اور جو روٹ جیسے لیجنڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے جن کی 19 سنچریاں ہیں۔ بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 41 رنز درکار ہیں، اور نصف سنچری بنانے کی صورت میں وہ ویون رچرڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے، جس سے یہ سیریز ان کے کیریئر کا ایک بڑا سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔