ایس سی جی میلبورن اسٹارز کے خلاف دھماکے کے لیے تیار
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں قائم خصوصی فین زون ’بابرستان‘ مکمل طور پر سولڈ آؤٹ ہو چکا ہے۔ یہ فین زون پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے لیے مختص ہے، جو اس وقت سڈنی سکسزرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انتہائی زیادہ مانگ کے باعث سڈنی سکسزرز انتظامیہ نے بابرستان کے سائز میں اضافہ بھی کیا، تاہم اضافی ٹکٹس بھی تیزی سے فروخت ہو گئے۔ باکسنگ ڈے پر ہونے والے اس میچ میں سڈنی سکسزرز اور میلبورن اسٹارز آمنے سامنے ہوں گے، جہاں اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہونے کی توقع ہے۔
بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں شمولیت نے نہ صرف پاکستانی شائقین بلکہ عالمی کرکٹ فینز میں بھی زبردست جوش پیدا کر دیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں بابر اعظم کا مقابلہ حارث رؤف سے ہوگا، جس نے مقابلے کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
بگ بیش لیگ کے رواں سیزن میں شائقین کی تعداد اور ویورشپ میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور اس کی بڑی وجہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار موجودگی بتائی جا رہی ہے۔
آج ایس سی جی میں ایک یادگار اور پُرجوش کرکٹ رات متوقع ہے۔
