Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوجوانوں کو تین لاکھ روپے بغیر سود کے دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوجوانوں کو تین لاکھ روپے بغیر سود کے دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو بغیر سود 3 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

وہ پرواز کارڈ، راہِ روزگار اور اسکل ڈیولپمنٹ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولتیں اور ریلیف فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار ہنر مند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری کیے جائیں گے، جبکہ فنڈز کی فراہمی کا پورا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ وسائل کی کمی کسی بھی نوجوان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت انہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک دو لاکھ بچوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ گارمنٹس سیکٹر میں ایک ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار بھی فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس صرف ہنر سکھانے تک محدود نہیں بلکہ براہِ راست روزگار کی فراہمی بھی شامل ہے۔ نوجوان ای۔کامرس کے ذریعے باعزت روزی کما رہے ہیں، جو ڈیجیٹل معیشت کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ہنر مند افرادی قوت کی مانگ موجود ہے، ضرورت صرف معیاری تربیت فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔

آخر میں وزیرِ اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو خود مختار، باہنر اور باوقار مستقبل دینے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates