بیجنگ/اسلام آباد: چینی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، بیجنگ نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے پائیدار حل کی راہ اختیار کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ چین چاہتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان مکمل اور دیرپا جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کریں، کیونکہ خطے کا امن دونوں ممالک کے استحکام سے وابستہ ہے۔
دوسری جانب، پاکستان نے افغان حکومت کی درخواست پر 48 گھنٹوں کے لیے عارضی سیزفائر کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، یہ فیصلہ افغان طالبان رجیم کی درخواست پر کیا گیا ہے اور جنگ بندی کا اطلاق شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں تک ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دوران دونوں ممالک تعمیری مذاکرات کے ذریعے پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے، تاکہ خطے میں مستقل امن کے امکانات روشن ہوں۔
