Share This Article
دبئی:دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (ڈی آئی ایف سی) کی عدالت نے معروف بھارتی بزنس مین بی آر شیٹی کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 16 کروڑ 87 لاکھ درہم (تقریباً 45.9 ملین امریکی ڈالر) کی ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔ڈالر) کی ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔
فیصلہ دبئی DIFC کی مصالحتی عدالت کے جج جسٹس اینڈریو موران نے سنایا، جنہوں نے قرار دیا کہ بی آر شیٹی نے ذاتی ضمانت سے متعلق جھوٹا بیان دیا اور ان کی گواہی “جھوٹ کے ناقابلِ یقین سلسلے” پر مبنی تھی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، 2018 میں بی آر شیٹی نے بینک آف انڈیا سے 50 ملین ڈالر کے قرض کے لیے ذاتی ضمانت پر حلف کے دوران غلط بیانی کی۔ عدالت نے ان کے خلاف شواہد کو ناقابلِ تردید قرار دیتے ہوئے انہیں بینک آف انڈیا کی DIFC برانچ کو 16 کروڑ 78 لاکھ درہم فوری ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ رقم کی فوری ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں بی آر شیٹی کو 9 فیصد سالانہ سود بھی ادا کرنا ہوگا، جو کہ یومیہ تقریباً 11 ہزار 341 امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔
یاد رہے کہ بی آر شیٹی نے 1970 کی دہائی میں دبئی میں اسپتال قائم کر کے اپنی کاروباری سلطنت کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کی کمپنی بعد ازاں لندن اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہوئی اور اس کی مالیت 10 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
تاہم 2020 میں کمپنی پر 4 ارب ڈالر کے خفیہ قرضوں کے انکشاف کے بعد ادارہ دیوالیہ ہوگیا، جس کے فوراً بعد بی آر شیٹی نے استعفیٰ دے کر بھارت واپسی اختیار کر لی تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق، ماہرین نے بی آر شیٹی کے دستخط کے نمونوں کی تصدیق کر کے فراڈ کے ثبوت فراہم کیے، جس کے نتیجے میں عدالت نے بینک کے حق میں فیصلہ دیا۔
