Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

فیصل ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن فیز ٹو اسکینڈل: نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی باضابطہ تحقیقات شروع

فیصل ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن فیز ٹو اسکینڈل: نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی باضابطہ تحقیقات شروع

قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے فیصل ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن فیز ٹو سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر ابتدائی انکوائری مکمل ہونے کے بعد باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تحقیقات کے آغاز کے ساتھ ہی متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد نیب کے دفاتر کا رخ کر رہی ہے، جہاں وہ اپنی شکایات، شواہد اور دستاویزات جمع کروا رہے ہیں۔ متاثرین کو امید ہے کہ نیب کی کارروائی کے نتیجے میں ان کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔

ذرائع کے مطابق فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ منصوبے کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کیے گئے، حالانکہ اس منصوبے کے لیے قانونی منظوری اور ضروری این او سیز حاصل ہی نہیں کی گئیں۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ منصوبے میں شامل کئی زمینیں متنازع، زرعی یا گرین ایریاز میں واقع ہیں، جہاں رہائشی تعمیرات قانوناً ممنوع ہیں۔

انکشاف ہوا ہے کہ وعدے پورے نہ ہونے اور قانونی منظوریوں کی عدم موجودگی کے باوجود منصوبہ نامکمل رہا، جس کے باعث اس کی مارکیٹ ویلیو میں دو تہائی تک کمی واقع ہوئی اور سرمایہ کاروں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگ گئی تھی، تاہم انہیں امید ہے کہ نیب کی مداخلت سے ان کی رقم واپس ملنے کی راہ ہموار ہو گی۔

ذرائع کے مطابق نیب کی تحقیقات اب صرف ہاؤسنگ انتظامیہ تک محدود نہیں رہیں بلکہ متعدد سرکاری محکمے بھی اس دائرۂ کار میں آ چکے ہیں۔ راولپنڈی اور اٹک میں آر ڈی اے، فاٹا (PHATA) اور ریونیو ڈیپارٹمنٹس سے وابستہ بعض افسران پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سرگرمیوں میں سہولت کاری کے الزامات ہیں۔

ابتدائی انکوائری میں یہ بھی شواہد سامنے آئے کہ گلشنِ کشمیر، ایشیا ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فیصل ٹاؤن فیز ٹو میں ضم کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل ٹاؤن اسکینڈل میں حالیہ پیش رفت نے غیر قانونی ہاؤسنگ کاروبار سے وابستہ افراد میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ متاثرین کو یقین ہے کہ نیب کی کارروائی عوامی اعتماد سے کھیلنے والوں کے لیے سخت مثال ثابت ہوگی اور غبن شدہ رقوم کی وصولی ممکن بنائے گی۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates