Share This Article
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اسمگل شدہ سامان فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ نگرانی یکم جنوری 2026 سے باقاعدہ طور پر شروع کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن ایسے افراد اور پیجز کی نگرانی کی جائے گی جو نان کسٹمز پیڈ اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔ اس دوران اسمگل شدہ سامان کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، جن میں وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جو پورے پورے لاٹس فروخت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فروخت کنندگان کی نشاندہی کے لیے مختلف جدید ٹولز استعمال کیے جائیں گے اور ان کے موبائل نمبرز، ای میل ایڈریسز اور دیگر رابطہ تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔
ڈیٹا کلیکشن میں اسمگل شدہ الیکٹرانکس، گھریلو آلات، جوتے، ملبوسات، میک اپ اور ایکسیسریز، کمبل، بیڈ شیٹس، قالین، ٹائر، گاڑیوں کے پرزہ جات، لیپ ٹاپ، کروم بکس، کمپیوٹرز، چولہے، کُکنگ رینجز، اوون، کراکری، جوسرز، چاپرز، خشک میوہ جات، کین فوڈ، جیمز، جیلیز، فرنیچر، شو پیسز، ٹائلز، سینیٹری فٹنگز اور دیگر اشیاء شامل ہوں گی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ان افراد تک پہنچنے کے لیے نادرا سے بھی مدد لی جائے گی تاکہ شناخت کی تصدیق کی جا سکے۔ اسمگل شدہ سامان فروخت کرنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی تجارت کا خاتمہ اور قومی خزانے کو ہونے والے نقصان کو روکنا ہے۔
