اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سلامتی، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران اپنے حالیہ بیرونی دوروں، بین الاقوامی ملاقاتوں اور علاقائی حالات پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس کے شرکاء نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کو دہرایا۔
کابینہ نے افغانستان سے پیدا ہونے والی بدامنی، بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور شدت پسند عناصر کی سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا۔ ارکانِ کابینہ نے افواجِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد ہے۔
اجلاس میں بین الحکومتی تجارتی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اسی طرح اوورسیز امپلائمنٹ، ٹیکنیکل و ووکیشنل ٹریننگ اور ریگولیٹری ریفارمز کے حوالے سے سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔
مزید برآں، پاور سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
