وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش زیرِ غور
اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی سے متعلق سفارش پر غور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ اجلاس میں ٹی ایل پی سے متعلق حالیہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ پیش کرے گی، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، عوامی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات پر رپورٹ شامل ہوگی۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جب کہ افغانستان کے ساتھ حالیہ سیزفائر معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتِ حال پر بھی مشاورت متوقع ہے۔
وفاقی وزیرِ دفاع کابینہ کو پاک–افغان معاہدے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے، جب کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے حالیہ فیصلوں کی توثیق کا ایجنڈا بھی اجلاس میں شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران حکومت امن و امان سے متعلق حالیہ اقدامات، عوامی تحفظ اور مذہبی تنظیموں کی سرگرمیوں کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل پر غور کرے گی۔
