Share This Article
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی دو خواتین فضائی میزبانوں کو جدہ ایئرپورٹ پر آپس میں جسمانی جھگڑے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ پی آئی اے کی اُس پرواز کے عملے سے متعلق ہے جو جدہ سے ملتان روانہ ہونے والی تھی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جدہ ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج میں پیش آیا، جہاں دونوں فضائی میزبانوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ صورتِ حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے موقع پر موجود پی آئی اے کے ایک افسر نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو الگ کیا۔
بعد ازاں اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جھگڑا 23 دسمبر کو پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ابتدائی کارروائی کے طور پر دونوں فضائی میزبانوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اندرونی انکوائری جاری ہے، اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ادارے کے قواعد و ضوابط کے مطابق مزید تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
