اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جرمن کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی ہے۔ جرمن سفیر اِنا لیپل کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ملک کی اقتصادی اصلاحات اور استحکام کی جانب پیش رفت پر روشنی ڈالی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر گامزن ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ کی درآمدات کے برابر پہنچ چکے ہیں، جبکہ مالی سال کے اختتام تک یہ تین ماہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ افراطِ زر کی شرح 5 سے 7 فیصد کے درمیان رہے گی اور پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری لاگت میں بھی کمی آئے گی۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ تینوں بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کا ریٹنگ آؤٹ لک بہتر کیا ہے اور حالیہ آئی ایم ایف اسٹاف لیول ایگریمنٹ بھی اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے ٹیکس، توانائی، نجکاری اور پبلک فنانس میں اقدامات کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ 34 سرکاری ادارے نجکاری کمیشن کے تحت منتقل ہو چکے ہیں اور پی آئی اے کی نجکاری کے لیے چار غیر ملکی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پبلک فنانس اور پنشن کے ڈھانچے میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں اور پاکستان جلد چینی منڈی میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا جبکہ یوروبانڈ مارکیٹ میں واپسی کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔
آخر میں وزیر خزانہ نے جرمن سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی، توانائی اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع استعمال کرنے کی دعوت دی، تاکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا جا سکے۔
