چار ماہ کے دوران تیسرا واقعہ، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
کینیڈا میں بھارتی کامیڈین کپل شرما کے زیرِ ملکیت ’کیپس کیفے‘ پر ایک بار پھر نامعلوم افراد کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیفے کی عمارت پر گزشتہ رات کار سوار حملہ آوروں نے گولیاں چلائیں، جس سے کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ چار ماہ کے دوران تیسری مرتبہ پیش آیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے، جس میں حملہ آوروں کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بدنامِ زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
گینگ سے تعلق رکھنے والے مبینہ افراد کولویر سدھو اور گولڈی ڈھیلون نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ ان کا عام شہریوں سے کوئی جھگڑا نہیں، مگر وہ ان لوگوں کو نشانہ بنائیں گے جو دھوکہ دہی یا مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی وجوہات مالی تنازع یا مذہبی اختلافات ہو سکتی ہیں۔
واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں۔
