پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے کے تحت پہلی بار امریکی خام تیل کا بحری جہاز حب پہنچ گیا، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک نئی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ ریفائنری حکام کے مطابق، امریکی خام تیل سے لدے بحری جہاز کی آمد سنرجیکو آئل ٹرمینل پر ہوئی، جہاں سے تیل کی ریفائننگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔ جہاز میں 10 لاکھ بیرل خام تیل موجود ہے، جو پاکستان کے لیے خام تیل کی درآمدات کے میدان میں ایک تاریخی قدم ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ ایک اور امریکی تیل بردار جہاز کی آمد متوقع ہے، جب کہ موجودہ بحری جہاز پیگاسس 14 ستمبر کو ہیوسٹن سے روانہ ہوا تھا۔ ریفائنری حکام کے مطابق، ایک لاکھ 35 ہزار ٹن وزن کے ساتھ پاکستان آنے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا تیل بردار جہاز ہے، جس سے ملک کی توانائی فراہمی کے نظام میں استحکام اور متنوع ذرائع سے خام تیل کی درآمدات کو فروغ ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔