کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) اسلام آباد کے بلیو ایریا کے ایک حصے کو مکمل طور پر کار فری پیڈیسٹرین زون میں تبدیل کرنے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ 24 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے میں واکنگ اسٹریٹس، فوڈ اسپاٹس، اور ڈیجیٹل انسٹالیشنز شامل ہوں گی جو شہریوں کو معلومات اور تفریح فراہم کریں گی۔
تعمیراتی کام سویور فوڈز سے خیبر پلازہ تک جنہٰ ایونیو کے سامنے والے حصے میں جاری ہے۔ اس علاقے میں کسی قسم کی گاڑی داخل نہیں ہو سکے گی، جس کے بعد لوگ پرسکون اور محفوظ ماحول میں چل پھر سکیں گے، خریداری کرسکیں گے اور کھانا کھا سکیں گے۔
پارکنگ کے لیے قریبی ملٹی اسٹوری پارکنگ پلازہ میں تقریباً 950 گاڑیوں کی جگہ مختص ہوگی، جبکہ 150 اضافی پارکنگ اسپاٹس خیبر پلازہ اور پمز (PIMS) کے سامنے بنائے جائیں گے۔
یہ پیڈیسٹرین زون تقریباً 800 میٹر پر محیط ہوگا اور اسے ’واک اینڈ شاپ‘ اسٹریٹ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق یہ ایک پائلٹ پروجیکٹ ہے، اور اس کی کامیابی کے بعد اسی ماڈل کو جناح سپر اور دیگر کمرشل ایریاز میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ بزرگ شہریوں اور بچوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک کارٹس بھی چلائی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت معروف فوڈ چینز کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جبکہ داخلی اور خارجی مقامات پر ڈیجیٹل اسکرینز نصب کی جائیں گی جو تفریح اور معلومات دونوں فراہم کریں گی۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس کار فری اسٹریٹ کا مقصد شہر میں جدید، صاف، محفوظ اور خاندانوں کے لیے موزوں شہری ماحول کو فروغ دینا ہے۔
