پیرس:
کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ کیٹی پیری نے اپنے رومانوی تعلقات کی تصدیق کر دی، دونوں کو پیرس میں ایک تقریب کے دوران خوشگوار موڈ میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 53 سالہ ٹروڈو اور 41 سالہ کیٹی پیری پہلی مرتبہ عوامی طور پر ایک ساتھ نظر آئے، جب وہ پیرس کے مشہور کریزی ہارس شو میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب دراصل کیٹی پیری کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیٹی پیری سرخ لباس میں جبکہ جسٹن ٹروڈو سیاہ لباس میں ملبوس تھے، دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ہنستے ہوئے شو سے باہر نکل رہے تھے۔ موقع پر موجود مداحوں نے کیٹی پیری کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور پھول پیش کیے۔
دونوں کے تعلقات سے متعلق افواہیں کئی ماہ سے گردش میں تھیں، تاہم اب پہلی بار ان کے عوامی اندازِ ملاقات نے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
واضح رہے کہ کیٹی پیری ماضی میں اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ رشتے میں رہ چکی ہیں، جن سے ان کی ایک بیٹی ڈیزی ڈَو ہے۔
دوسری جانب جسٹن ٹروڈو کی اپنی سابق اہلیہ سوفی گریگور سے علیحدگی گزشتہ برس عمل میں آئی تھی۔
کیٹی پیری دنیا کی معروف پاپ گلوکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں، جن کے مشہور گانوں میں Firework, Roar اور Dark Horse شامل ہیں۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران متعدد ایوارڈز حاصل کر چکی ہیں جن میں چار گنیز ورلڈ ریکارڈز بھی شامل ہیں۔