پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے نیا آن لائن ای چالان پورٹل متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے غلط یا ڈپلیکیٹ ٹریفک چالان منسوخ کرا سکتے ہیں۔ اس سسٹم کا مقصد عوام کو لمبی قطاروں اور دفاتر کے چکر سے بچاتے ہوئے ایک آسان، تیز اور شفاف طریقہ فراہم کرنا ہے۔
پی ایس سی اے کے مطابق یہ سروس شہریوں کو وقت کی بچت اور غیر ضروری مشکلات سے نجات دلائے گی۔ آن لائن پورٹل پر صارفین چند سادہ مراحل کے ذریعے اپنے چالان کا جائزہ لے کر اسے چیلنج کر سکتے ہیں۔
اس سہولت کے لیے شہری PSCA e-Challan Portal پر جا کر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں، پھر “Review” آپشن منتخب کر کے بتائیں کہ مسئلہ کیا ہے—مثلاً ایک ہی تاریخ اور وقت کا ڈپلیکیٹ چالان۔ درخواست جمع کرانے کے بعد پی ایس سی اے ٹیم تفصیلات کی تصدیق کرے گی اور درست ہونے کی صورت میں چالان منسوخ کر دیا جائے گا۔
یہ سہولت “Public Safety App” پر بھی دستیاب ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے بلکہ اس کی اسٹیٹس ٹریکنگ بھی ممکن ہے۔
حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل اقدام سے نظام میں موجود غلطیوں میں کمی آئے گی، کیسوں کی جانچ پڑتال تیز ہوگی اور صوبے بھر میں گاڑی مالکان کو واضح سہولت میسر آئے گی۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ انصاف اور شفافیت کو فروغ دینے والا مثبت قدم ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس سی اے کا یہ اقدام حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت عوامی خدمات کو جدید اور کاغذی کارروائی سے پاک بنانے کے بڑے منصوبے کا حصہ ہے۔
