Share This Article
لاہور سمیت حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت
لاہور: آئی جی پنجاب عثمان انور نے صوبے بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات پر اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ شاہراہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پٹرولنگ بڑھائی جائے اور تمام فیلڈ افسران خود سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔
عثمان انور کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔
گزشتہ روز ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس میں آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ جمعہ کے روز کسی کو ہڑتال یا احتجاج کی آڑ میں سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ توڑ پھوڑ یا تشدد کی کسی کارروائی پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ (7 ATA) کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، جن میں 10 سے 14 سال تک کی سزائیں ہو سکتی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دی کہ شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، تاکہ صوبے میں زندگی اور کاروبار کا معمول برقرار رکھا جا سکے۔
