روم: اٹلی میں ایک 70 سالہ شہری جو گزشتہ 53 برسوں سے نابینا ہونے کا ڈرامہ کر کے حکومتی امداد وصول کر رہا تھا، بالآخر پولیس کے ہاتھوں بے نقاب ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویسنزا سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے 1971 میں مبینہ طور پر پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد خود کو مکمل نابینا ظاہر کیا اور اس بنیاد پر معذوری فنڈز حاصل کرنے لگا۔
پچاس برس سے زائد عرصے میں اس نے مجموعی طور پر 10 لاکھ یورو (تقریباً 32 کروڑ پاکستانی روپے) سرکاری امداد کے نام پر وصول کیے۔
ابتدائی طور پر کسی کو شک نہیں ہوا، تاہم حال ہی میں حکام کو شبہ پیدا ہوا اور دو ماہ طویل نگرانی کے بعد پولیس نے ثبوت اکٹھے کیے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے اس شخص کو باغبانی کرتے ہوئے، خطرناک اوزاروں کا استعمال کرتے ہوئے، اور مارکیٹ میں خود جا کر خریداری کرتے ہوئے ویڈیوز میں ریکارڈ کیا — جو اس کے “نابینا ہونے” کے دعوے کی مکمل تردید کرتی تھیں۔
پولیس کے مطابق اب اس شخص پر ریاست کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے، اس کی امداد بند کر دی گئی ہے اور 2 لاکھ یورو ٹیکس جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔
حکام نے اس کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے اور ناجائز طور پر حاصل کردہ تمام رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
