Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت دگنی، 75 روپے سے بڑھ کر 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت دگنی، 75 روپے سے بڑھ کر 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

پشاور — خیبرپختونخوا میں صرف دو ماہ کے دوران آٹے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں فی کلو آٹا 75 روپے سے بڑھ کر 145 روپے تک جا پہنچا ہے۔

پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی کے باعث صوبے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 1250 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات نانبائیوں پر بھی پڑے ہیں، جنہوں نے 150 گرام روٹی کی قیمت 20 سے بڑھا کر 30 روپے کر دی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو آٹا اور گندم کی ترسیل کی بحالی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خط لکھنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے کی گندم اور آٹے کی ضروریات کا بڑا حصہ پنجاب سے پورا ہوتا ہے، اور ترسیل پر پابندی سے عوام اور فلور ملز دونوں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

محکمہ خوراک کے سیکریٹری کی جانب سے ارسال کردہ خط میں آئین کے آرٹیکل 155(1) کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے کے پابند ہیں۔

خط کے ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے شہروں میں آٹے کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے مطابق ترسیل پر پابندی کے بعد خیبرپختونخوا میں قیمتیں تقریباً دگنی ہو چکی ہیں۔

اہم نکات

دو ماہ میں آٹے کی قیمت 75 → 145 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔

20 کلو آٹے کا تھیلا 1250 روپے مہنگا۔

روٹی کی قیمت 30 روپے فی عدد مقرر۔

خیبرپختونخوا نے پنجاب حکومت کو ترسیل بحالی کے لیے باضابطہ خط لکھ دیا۔

خط میں آئینی شق 155(1) کا حوالہ۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates