ایڈیلیڈ — آسٹریلیا نے بھارت کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 264 رنز بنا سکی۔
کپتان شبمان گل 9 رنز اور ویرات کوہلی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کوہلی مسلسل دو ون ڈے میچز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔
روہت شرما نے 73 اور شریاس ایئر نے 61 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جب کہ اکشر پٹیل 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے 4، زیویئر بارٹلیٹ نے 3 اور مچل اسٹارک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے میتھیو شارٹ کے 74 اور کوپر کونولی کے 61 ناٹ آؤٹ کی بدولت ہدف 22 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، ہرشت رانا اور واشنگٹن سندر نے دو، دو جبکہ محمد سراج اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتے کو میلبرن میں کھیلا جائے گا۔
