اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (NAB) راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعاون سے 48 ہاؤسنگ اسکیموں کے تازہ ترین اور تصدیق شدہ لےآؤٹ پلان اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت کو فروغ دینا اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، نیب کی کرپشن کے خلاف کوششوں کے پیشِ نظر سی ڈی اے نے ہاؤسنگ اسکیموں کا دو ماہ پر مشتمل تفصیلی جائزہ مکمل کیا، جس کے بعد اپ ڈیٹڈ معلومات ویب سائٹ پر فراہم کر دی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے لےآؤٹ پلان درست، مستند اور تصدیق شدہ معلومات پر مبنی ہیں، جبکہ پرانے ریکارڈ میں موجود خامیوں کو مکمل طور پر دور کر دیا گیا ہے۔
13 نومبر کو ہونے والے ایک کوآرڈینیشن اجلاس میں نیب نے واضح کیا تھا کہ اپ ڈیٹڈ لےآؤٹ پلان کی فوری اشاعت شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ اور غیر قانونی الاٹمنٹس یا مستقبل میں ممکنہ فراڈ کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ نیب کے آگاہی اور انسدادِ کرپشن ونگ نے سی ڈی اے کو نظامی کمزوریاں دور کرنے اور اصلاحاتی اقدامات کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کیا۔
نیب اور سی ڈی اے ہاؤسنگ سیکٹر میں مزید شفافیت لانے، فراڈ کم کرنے اور احتسابی عمل مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
