اسلام آباد کے طلبہ کی ایک ٹیم نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس چیمپئن شپ فار یوتھ (WAICY) 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس عالمی مقابلے میں 103 ممالک سے 1 لاکھ 32 ہزار سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔
یہ کامیابی روٹس آئی وی وائی گندھارا، ایچ-8 کیمپس کی ٹیم کے نام رہی، جس کی قیادت فرحاد احتشام نے کی، جبکہ ان کے ساتھ ابراہیم یاسر اور مصعب خان شامل تھے۔ تینوں طلبہ اس وقت IGCSE-I کے طالب علم ہیں۔
اسلام آباد کی اس ٹیم نے LLM پرامپٹ انجینئرنگ (ٹیکنالوجی ایز اے سروس) کے کیٹیگری میں سلور میڈل اپنے نام کیا، جو ان کی مضبوط مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں اور عملی مصنوعی ذہانت (AI) مہارتوں کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ پول کی عکاس ہے اور عالمی سطح پر نوجوانوں کی جدت پر مبنی ٹیکنالوجی مقابلوں میں پاکستان کی مضبوط ہوتی ہوئی موجودگی کو مزید تقویت دیتی ہے۔
