Share This Article
اسلام آباد: حکومتِ جاپان نے ایم ای ایکس ٹی ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کے لیے درخواستوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستانی اساتذہ کو جاپان میں اسکول ایجوکیشن پر تحقیق کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
یہ اسکالرشپ ایم ای ایکس ٹی پروگرام کے تحت ایک نان ڈگری کورس ہے، جو بیچلر، ماسٹر یا پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے نہیں ہے۔ منتخب امیدوار جاپانی یونیورسٹی میں کورس مکمل کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے۔
اسکالرشپ کے تحت کورسز کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوگا، جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے جاپانی زبان کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ امیدوار تحقیق کے دوران رہنمائی بہتر طور پر حاصل کر سکیں۔
اہل امیدواروں کے لیے شرط ہے کہ ان کی پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد کی ہو۔ درخواست دہندگان کا کسی یونیورسٹی یا ٹیچر ٹریننگ ادارے سے گریجویٹ ہونا لازمی ہے۔
مزید برآں، امیدوار کے پاس پرائمری یا سیکنڈری اسکول یا ٹیچر ٹریننگ ادارے (یونیورسٹی کے علاوہ) میں کم از کم پانچ سالہ تدریسی تجربہ ہونا چاہیے، جو یکم اکتوبر 2026 تک مکمل ہو چکا ہو۔
درخواست دہندگان کو مختلف ثقافتی ماحول میں 18 ماہ قیام کرنے کی صلاحیت اور جاپانی زبان سیکھنے کی آمادگی بھی ظاہر کرنا ہوگی۔
درخواست کے لیے درکار دستاویزات میں مکمل درخواست فارم، ادارے کے پرنسپل کی جانب سے سفارشی خط، اور مختصر اسٹیٹمنٹ آف پرپز شامل ہیں، جبکہ اس مرحلے پر میڈیکل فارم یا اضافی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں۔
یہ اسکالرشپ پاکستانی اساتذہ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی تجربہ حاصل کرنے اور تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ایک اہم موقع قرار دی جا رہی ہے۔
مزید معلومات کے لیے اسٹڈی اِن جاپان – ٹیچر پروگرام کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں یا0519072500 پر رابطہ کریں۔
