کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر پیش آنے والے پاسپورٹ پھٹنے کے واقعے کی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے تحقیقات مکمل کر لیں، جن میں ایک نجی ایئرلائن کے عملے کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر قدرت اللہ جدہ جانے کے لیے جی ایئرلائن کی پرواز پر سفر کی غرض سے کاؤنٹر پر موجود تھا۔ پاسپورٹ چیکنگ کے دوران کاؤنٹر پر تعینات خاتون عملے نے پاسپورٹ سے اسٹیکر اتارتے وقت لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث پاسپورٹ پھٹ گیا۔
پاسپورٹ کو نقصان پہنچنے کے باعث مسافر بیرونِ ملک سفر نہ کر سکا، جس پر اس نے ایئرپورٹ پر احتجاج کیا۔ تاہم مسافر کا کہنا ہے کہ اس دوران ایئرلائن کے کسی ذمہ دار اہلکار نے اس کی شکایت پر توجہ نہیں دی۔ واقعے کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
واقعے کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ حل کرایا۔ حکام کے مطابق متاثرہ مسافر کو متبادل بین الاقوامی ٹکٹ فراہم کیا گیا، جبکہ ایئرلائن نے ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس بھی ادا کی۔
پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں نجی ایئرلائن کے عملے کی غفلت ثابت ہوئی ہے، اور اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو آئندہ کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
