کراچی پولیس نے انٹرپول کی معاونت سے ماسی گینگ کے سرغنہ عمران ولد عباس علی کو گرفتار کر لیا ہے، جو ماسیوں کو ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرتا تھا۔ اس سے پہلے گینگ کی دو خواتین رکنیں بھی گرفتار ہو چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم عمران کو انٹرپول نے سعودی عرب میں پکڑا اور اتوار کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ بن قاسم انویسٹی گیشن پولیس کے ڈی ایس پی شاہنواز میمن کے مطابق، ملزم کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے بعد انٹرپول نے کارروائی کی۔ سعودی قوانین کے تحت ملزم کو وہاں 9 ماہ کی سزا بھی ہوئی۔
ملزم عمران کے گینگ نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سرگرمیاں انجام دی تھیں۔ گینگ کی خواتین ماسیاں گھروں میں کام کر کے سونا اور نقدی چرا کر ملزم کو فراہم کرتی تھیں، جبکہ ملزم انہیں سفر اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق گینگ کی خواتین رکنیں، جن میں شاہدہ اور گلاب زادی شامل ہیں، پہلے ہی گرفتار ہو چکی ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف پنجاب میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ صوبہ پنجاب پولیس کے لیے بھی مطلوب تھا۔
اب گرفتار ملزم کو ملیر کورٹ میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی تاکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔
