کراچی: تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ کو سہیل آفریدی کی قیادت میں ایک نیا اور جارحانہ رخ مل گیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وہ کردار جو علی امین گنڈاپور ادا نہ کر سکے، سہیل آفریدی نے مؤثر انداز میں پورا کر دیا ہے۔
سہیل آفریدی کے میدان میں آنے سے تحریک انصاف میں نئی جان پڑ گئی ہے۔ عمران خان کی غیر موجودگی میں پارٹی کو جس مضبوط اور متحرک قیادت کی ضرورت تھی، وہ خلا سہیل آفریدی نے پُر کر دیا ہے۔ کارکنوں میں جوش و جذبہ واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کراچی کے باغ جناح اور اس کے اطراف میں ہزاروں کی تعداد میں کارکن موجود ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ اجتماع کسی باقاعدہ انتظامات کے بغیر ہو رہا ہے۔ نہ میدان میں لائٹس موجود ہیں، نہ کرسیاں یا دری بچھائی گئی ہیں، اور نہ ہی اسٹیج یا ساؤنڈ سسٹم کا انتظام ہے۔ اس کے باوجود کارکن سخت سرد موسم میں بھی ڈٹے ہوئے ہیں، جو تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت اور کارکنوں کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
