اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانیانِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی زندگی پر مبنی ایک بڑے تاریخی ڈرامے کے لیے ایک ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ اعلیٰ سطح پر زیرِ نگرانی مکمل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے بانیوں کی جدوجہد اور فکر کو جدید انداز میں پیش کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈرامہ ترک تاریخی سیریز دِریلیش: ارتغرل کے اسلوب سے متاثر ہو کر تیار کیا جائے گا، جس میں مضبوط کہانی، شاندار ویژولز اور جذباتی گہرائی کے ذریعے نوجوان نسل کو متوجہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
منصوبے کے لیے تحقیقی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں علامہ اقبال کے خاندان سے مشاورت بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں بھی تفصیلی گفتگو کی جا چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈرامے کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ نئی نسل کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار، جدوجہد اور پاکستان کے قیام کی اصل روح سے روشناس کرانا ہے۔
