اسلام آباد: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قائداعظمؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اصولوں کو قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت قرار دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن قائداعظمؒ کی غیر متزلزل قیادت، یقینِ محکم اور انتھک جدوجہد کو یاد کرنے کا دن ہے، جنہوں نے پاکستان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے تناظر میں قائداعظمؒ کے اصول — جمہوریت، انصاف اور برابری — آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
صدر نے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو قومی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ آئندہ برس قائداعظمؒ کا 150واں یومِ پیدائش ایک اہم قومی سنگِ میل ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ کا یومِ پیدائش تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ان کے رہنما اصولوں پر انفرادی و اجتماعی سطح پر عمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر انصاف اور ہم آہنگی کا درس دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ کی سیاسی بصیرت اور قیادت نے مسلمانوں کے خواب کو حقیقت میں بدلا اور ایک آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قومی وقار، سلامتی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔
