ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خط کا دوٹوک اور واضح جواب دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصول کرنے کے لیے اے سی سی کو خط لکھا تھا، جس پر محسن نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر بھارتی بورڈ کو ٹرافی چاہیے، تو اس کے لیے ایک باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی — آ کر ٹرافی خود وصول کرلیں۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے اس تقریب کے لیے نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی کو ممکنہ مقام کے طور پر تجویز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے نمائندے کسی ایک کھلاڑی کے ہمراہ شرکت کر کے ٹرافی حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی فاتح بھارتی ٹیم نے فائنل کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے بعد محسن نقوی نے ٹرافی واپس اے سی سی دفتر بھجوا دی تھی۔
بھارتی بورڈ کے رویے پر محسن نقوی کا کہنا تھا،
“اگر بھارتی کپتان کو ٹرافی چاہیے تو وہ خود میرے دفتر آ کر لے جائیں۔”
یہ مؤقف ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کرکٹ میں عزت صرف میدان میں جیتنے سے نہیں بلکہ رویے سے بھی ملتی ہے۔
