اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت میں سیکیورٹی اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی باقاعدہ ڈیجیٹل ٹیگنگ کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کی فیس 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگز (M-Tags) لگانے کا عمل 20 فروری سے شروع ہو چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہر میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری شناخت اور ٹریکنگ میں مدد ملے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکلوں پر بروقت ایم ٹیگز لگوائیں اور کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا، جس کے بعد چند منٹوں میں ٹیگ جاری کر کے موٹر سائیکل پر نصب کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگز لگانے کی سہولت مختلف مقامات پر فراہم کی جا رہی ہے، جن میں جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، سبزی منڈی تھانے کے قریب ویٹ گودام، دامنِ کوہ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو شامل ہیں۔ شہری اپنی سہولت کے مطابق ان میں سے کسی بھی مقام پر جا کر ایم ٹیگ لگوا سکتے ہیں۔
