اسلام آباد میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کا عمل اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور تیز ہوگیا ہے، کیونکہ نادرا نے Pak-ID موبائل ایپ کے ذریعے گاڑیوں کی آن لائن بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس نئے سسٹم کے تحت اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور فروخت کنندہ گھر بیٹھے اپنی بائیومیٹرک ویریفکیشن مکمل کر سکیں گے، جس کے بعد ٹرانسفر سے متعلق بقیہ مراحل متعلقہ محکمے میں باآسانی طے کیے جائیں گے۔
نادرا کے مطابق یہ فیچر Pak-ID ایپ کے اندر موجود “ICT Vehicle” سیکشن میں شامل کیا گیا ہے، جہاں پہلے ہی شناخت سے متعلق مختلف آن لائن خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نئی سروس کا مقصد شہریوں کو سہولت دینا، وقت کی بچت کرنا اور گاڑیوں کی ٹرانسفر کے نظام کو زیادہ محفوظ اور موثر بنانا ہے۔ شہری اب بغیر کسی دفتر جانے کے بائیومیٹرک تصدیق مکمل کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف رش کم ہوگا بلکہ غلط کاریوں اور دھوکہ دہی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
