Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

نادرا نے محفوظ شناختی تصدیق کے لیے نئی سروس “نشانِ پاکستان” متعارف کرا دی۔

نادرا نے محفوظ شناختی تصدیق کے لیے نئی سروس “نشانِ پاکستان” متعارف کرا دی۔

ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور محفوظ شناختی تصدیق کو یقینی بنانے کے لیے نادرا (NADRA) نے ایک نئی سروس “نشانِ پاکستان” متعارف کرا دی ہے۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق ادارہ نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 7 کے تحت قومی ڈیٹا بیس کی دیکھ بھال سے متعلق امور سرانجام دیتا ہے اور قانونی مقاصد کے لیے سرکاری اداروں اور ریگولیٹڈ نجی شعبے کی تنظیموں کو شناختی تصدیق کی خدمات فراہم کرتا ہے۔

اپنے قانونی مینڈیٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط، خصوصاً نادرا (ڈیٹا شیئرنگ) ریگولیشنز 2025 اور نادرا (شناختی تصدیق) ریگولیشنز 2026 کے تحت نادرا نے “نشانِ پاکستان” کے نام سے نئی سہولت کا آغاز کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں شناختی تصدیق کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اعلیٰ ترین ڈیجیٹل معیار تک پہنچا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل شناختی تصدیق کی خدمات مختلف ڈیجیٹل طریقوں کے ذریعے جزوی طور پر فراہم کی جاتی تھیں، جن میں متعدد پیچیدہ مراحل شامل ہوتے تھے۔

سرکاری محکموں اور ریگولیٹڈ نجی اداروں کی آن بورڈنگ کے دوران طویل دستاویزی کارروائی اور بار بار منظوری کے مراحل درکار ہوتے تھے، جس سے تاخیر اور شفافیت کے مسائل پیدا ہوتے تھے۔

ان مسائل کے حل کے لیے نادرا نے “نشانِ پاکستان” کے تحت ایک ویب پورٹل متعارف کرایا ہے، جو سرکاری محکموں اور ریگولیٹڈ نجی اداروں کو تمام خدمات تک رسائی کے لیے ایک مرکزی آن لائن پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق اس ویب پورٹل پر رجسٹریشن، سبسکرپشن اور محفوظ، مؤثر اور قانونی تقاضوں کے مطابق شناختی تصدیق کی خدمات تک رسائی دستیاب ہوگی، جس سے مکمل ڈیٹا سیکیورٹی اور فوری سروس فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

“نشانِ پاکستان” کے ذریعے بینکس، مائیکروفنانس بینکس، الیکٹرانک منی انسٹیٹیوشنز، نان بینکنگ فنانشل ادارے، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں اور دیگر ریگولیٹڈ ادارے نادرا کی مختلف خدمات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔

رجسٹرڈ اداروں کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن APIs (فنگر پرنٹس اور فیشل ریکگنیشن)، ویری سِس (Verisys)، پروف آف لائف API اور سنگل سائن آن (SSO) جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ اقدام سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے لیے نادرا کی شناختی تصدیق کی خدمات کو تیز تر، محفوظ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنائے گا۔ اس سے ادارے اعلیٰ ترین ڈیٹا پروٹیکشن اور پرائیویسی کے معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی خدمات زیادہ مؤثر انداز میں فراہم کر سکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق اس اقدام سے شہریوں کا ڈیجیٹل نظام پر اعتماد بڑھے گا اور ایک محفوظ، مؤثر اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔

“نشانِ پاکستان” ویب پورٹل حکومتِ پاکستان کے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ (DEEP) کے تحت لانچ کیا گیا ہے، جو مالی شمولیت اور ای گورننس سے متعلق قومی ترجیحات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔

یہ منصوبہ خاص طور پر ان سرکاری اداروں کے لیے اہم ہے جو سماجی بہبود اور عوامی خدمات کے پروگرامز چلاتے ہیں، جہاں بروقت اور درست شناختی تصدیق نہایت ضروری ہوتی ہے۔ اسی طرح نجی شعبے کے اداروں کے لیے بھی یہ سہولت مفید ہے، جہاں روزمرہ امور میں شہریوں کی مستند شناخت کی تصدیق درکار ہوتی ہے۔

رجسٹریشن اور سبسکرپشن سے متعلق تفصیلی معلومات “نشانِ پاکستان” ویب پورٹل پر دستیاب ہیں۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates