لاہور: قومی کرکٹر صہیب مقصود کار شوروم کے مالک کے مبینہ فراڈ کا شکار بن گئے، جنہوں نے ان کی قیمتی گاڑی اصل کاغذات کے بغیر فروخت کر دی۔
صہیب مقصود نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں انکشاف کیا کہ
’’میری گاڑی شوروم مالک نے میری اجازت کے بغیر بیچ دی جبکہ اصل فائل اب بھی میرے پاس ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ فراڈ کرنے والے شخص نے انہیں بدلے میں ایک جعلی کاغذات والی گاڑی دی اور ساتھ ہی 70 لاکھ روپے بھی ہتھیا لیے۔
کرکٹر کے مطابق آٹھ ماہ بعد جب انہیں اپنی اصل گاڑی لاہور کے ایک گھر میں ملی تو وہاں موجود شخص نے دعویٰ کیا کہ
’’میں نے یہ گاڑی خریدی ہے، پولیس بھی اسے واپس نہیں لے سکتی۔‘‘
صہیب مقصود نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
’’اگر ایک قومی کرکٹر کے ساتھ ایسا فراڈ ہو سکتا ہے تو عام شہری کہاں جائیں؟‘‘
سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین نے کرکٹر سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
