پاکستان کی مختلف ٹرانسپورٹ یونینز نے 19 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ بھاری ٹریفک جرمانوں، گاڑیوں کی بندش اور مبینہ حکومتی ہراسانی کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔
آل پاکستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن سمیت بین الاضلاعی، گڈز ٹرانسپورٹ اور شٹل سروس یونینز نے خبردار کیا ہے کہ خیبر سے کراچی تک تمام ٹرانسپورٹ سروسز مکمل طور پر بند رہیں گی۔
یونین رہنماؤں کے مطابق ہڑتال کے دوران:
بسیں، ویگنیں اور انٹرا سٹی سروسز
گڈز کیریئرز
طلبہ و ملازمین کی شٹل سروسز
سب بند رہیں گی۔
ان کے مطابق ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث مارکیٹیں، فیکٹریاں، صنعتی یونٹس، پٹرول پمپس، سرکاری دفاتر، بینکس اور سپلائی چینز بھی شدید متاثر ہوں گے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت نے بارہا کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، جبکہ بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی ضبطی نے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار مشکل بنا دیا ہے۔
یونین ترجمانان آصف خان، لالہ سہیل اور طارق خان نے کہا کہ متعدد شعبوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے مطالبات منظور نہ کیے تو “19 دسمبر کو پاکستان مکمل طور پر بند ہوگا۔”
