Share This Article
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں بے روزگار اور کم تعلیم یافتہ افراد کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع کا اعلان کر دیا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق صوبے کے 28 اضلاع میں اسکولوں کے لیے 2,800 چوکیداروں (چوکیدار/واچ مین) کی بھرتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسکولوں میں خالی آسامیوں کو پُر کیا جائے گا۔ محکمہ خزانہ کے مطابق تمام بھرتیاں اخبارات میں اشتہار، اوپن میرٹ اور شفاف مسابقتی عمل کے تحت کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کو سب سے زیادہ آسامیاں دی گئی ہیں جہاں 377 چوکیداروں کی بھرتی کی جائے گی۔ بنوں کے لیے 263 جبکہ مردان میں 256 آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح پشاور میں 162، لکی مروت میں 160 اور ایبٹ آباد میں 154 چوکیداروں کی بھرتی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں سیکیورٹی بہتر بنانا اور صوبے میں بے روزگاری کے مسئلے میں کمی لانا ہے۔
