بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ ماہان ایئر آئندہ ماہ کراچی اور ڈھاکا کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا امکان ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سفری روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی فلائٹ سروس سے دونوں ممالک کے درمیان تیز اور براہِ راست سفری سہولت میسر ہوگی۔
ہائی کمشنر نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے ویزے کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے، اور اب ویزے لاہور چیمبر اور بنگلہ دیشی آنریری قونصلیٹ کی مشترکہ سفارش پر تین سے چار روز میں جاری کیے جارہے ہیں۔ اس اقدام سے تاجروں اور مسافروں کے سفر میں درپیش تاخیر کم ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے تجارت کے کئی نئے مواقع کی نشاندہی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چاول کی برآمد بڑھا سکتا ہے، جبکہ بنگلہ دیش پاکستان کو تازہ انناس فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے ٹیکسٹائل اور ریڈی میڈ گارمنٹس کے بڑھتے ہوئے شعبوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ہائی کمشنر نے مزید بتایا کہ جلد ہی ایک براہِ راست کارگو شپنگ سروس بھی شروع کی جائے گی۔ اگرچہ دسمبر سے کارگو کنکشن موجود ہے، لیکن بڑھتی ہوئی تجارت کے باعث اب ایک علیحدہ اور باقاعدہ کارگو روٹ قائم کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
