ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی، جس کے ساتھ ہی کیوی ٹیم نے 12 سال بعد مجموعی طور پر اور 17 سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا۔ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو انتہائی کامیاب ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 36 اوورز میں 175 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جیمی اوورٹن 42 اور کپتان ہیری بروک 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جبکہ دیگر کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 4، نیتھن اسمتھ نے 2 جبکہ جیکب ڈفی، ذاکری فوکس، مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے ابتدائی اوور میں ول ینگ کی وکٹ جلدی گنوانے کے باوجود محتاط مگر مؤثر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف 33.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیرل مچل نے 56 اور کپتان مچل سینٹنر نے برق رفتار 34 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، جبکہ رچن رویندرا نے 54 اور کین ولیمسن نے 21 رنز کا حصہ ڈالا۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 جبکہ عادل رشید اور جیمی اوورٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے آخری بار 2013 میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی، جبکہ اپنے میدان پر یہ کامیابی 2008 کے بعد پہلی مرتبہ حاصل کی گئی ہے۔