پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت تمام صوبوں کا بنیادی حق ہے، اس لیے کسی صوبے کو خوراک یا دیگر اجناس کی ترسیل روکنے کا اختیار حاصل نہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے وفد سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے گندم کے حالیہ بحران پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے صوبوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر خوراک جیسے اہم معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
وفد میں سینیٹر دلاور خان، محسن عزیز، نسیمہ احسان، ناصر محمود، ہدایت اللہ خان، نیاز احمد اور مصدق مسعود سمیت دیگر ارکان شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو خیبرپختونخوا کے عوام کا سفیر قرار دیتے ہوئے صوبے کی ضروریات اور تعاون کے پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی۔
