کراچی: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات میں سالونٹ مکسنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق، اوگرا آرڈیننس 2002 کی شق 30 کے تحت تمام لائسنس یافتہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنی مصنوعات اور سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کرنے کی پابند ہیں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سالونٹ آئل کے بارے میں معلومات طلب کرنا ان اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد صنعتی استعمال کی مخصوص مصنوعات کو موٹر پٹرول کے ساتھ ملاوٹ یا غلط استعمال سے روکنا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ایندھن کا معیار برقرار رکھا جائے گا بلکہ صارفین کے مفادات اور سرکاری محصولات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اوگرا نے کہا کہ وہ شفافیت، منصفانہ مسابقت اور ریگولیٹری عملداری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک بھر میں معیاری اور محفوظ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
