کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ایک جمہوری، مساوات پر مبنی اور منصفانہ پاکستان کی تعمیر ہے۔ ہم شہید بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 پاکستانی قوم کی تاریخ کا یادگار دن ہے، جب 30 لاکھ سے زائد افراد نے شہید بینظیر بھٹو کا تاریخی استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی روز آمریت اور دہشت گردی نے بی بی کے قافلے پر حملہ کیا، جس میں 180 کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بلاول بھٹو کے مطابق شہداء کے لہو نے جمہوریت کی شمع کو مزید روشن کیا اور ان کی قربانیوں سے پاکستان میں عوامی حقوق کی جدوجہد کو نئی زندگی ملی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کا لہو آج بھی ایک پرامن، جمہوری اور مضبوط پاکستان کے سفر کو روشن کر رہا ہے۔
