اسلام آباد: پاکستان فضائیہ پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر کے قومی دفاعی اور ایرو اسپیس صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
تیمور کروز میزائل 600 کلومیٹر تک کے فاصلے پر دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل روایتی وار ہیڈ سے لیس ہے اور جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم کا حامل ہے، جو اسے انتہائی کم بلندی پر پرواز کی صلاحیت فراہم کرتا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں ناکام بنا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تیمور ویپن سسٹم کی ہائی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت پاکستان فضائیہ کی روایتی دفاعی طاقت اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گی، جس سے پاکستان کا مجموعی دفاعی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوگا۔
اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ وہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری پی اے ایف ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور قومی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں ٹیکنالوجیکل خود کفالت، قابلِ اعتماد روایتی دفاع اور بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی ماحول میں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے مضبوط ارادوں کی عکاس ہیں۔
تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاکستان فضائیہ کی آپریشنل تیاری، ٹیکنالوجیکل برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی مسلسل جدوجہد کا مظہر ہے۔
