Share This Article
اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان اور یو اے ای کے وزیر برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں نئے امکانات پر بات چیت کی۔
رانا احسان افضل خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے، یو اے ای کی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور فوڈ انڈسٹری جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں شراکت داری کریں۔
انہوں نے اس موقع پر یو اے ای کی بزنس کمیونٹی کو وزارتِ تجارت کے زیراہتمام “فوڈ ایگ 2025” میں خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی، جو 25 سے 27 نومبر 2025 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک–امارات تعلقات کو محض تجارت تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے ایک پائیدار اسٹریٹجک اکنامک پارٹنرشپ میں بدلا جائے گا۔
رانا احسان افضل خان نے یو اے ای کی قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتا ہے۔
