پاکستان 19 فروری کو ہونے والے پہلے غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہے، جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو اس اجلاس کی باقاعدہ دعوت موصول ہو چکی ہے اور امکان ہے کہ پاکستان کی نمائندگی وزیرِاعظم یا نائب وزیرِاعظم کریں گے۔
اجلاس میں غزہ میں امن کی بحالی، جنگ بندی کو یقینی بنانے، انسانی امداد کی فراہمی میں بہتری اور تنازع کے بعد تعمیرِ نو کے منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان اس موقع پر فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کرے گا اور فوری انسانی امداد کے ساتھ پائیدار امن و استحکام پر زور دے گا۔ حکام اس اجلاس کو غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران عالمی سطح پر مشترکہ اقدام کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔
